پیپلزپارٹی رہنما سعید غنی جھوٹی خبر چلانے کا الزام ثابت نہ کرسکے جس پر عدالت نے صحافی سنجے سادھوانی ودیگر کے خلاف کیس خارج کردیا۔
کراچی کی سیشن عدالت جنوبی نے پی پی رہنما سعید غنی کی جانب سے جھوٹے خبر چلانے کا الزام ثابت نہ کرنے پر صحافی سنجے سادھوانی ودیگر کے خلاف کیس ختم کردیا۔
سینئر صحافی سنجے سادھوانی، فرحان ملک اور نوید صدیقی کی بریت کی درخواست منظور کرلی گئی، کیس میں اینکر پرسن کرن ناز بھی نامزد ہیں۔
صحافی سنجے سادھوانی نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ہم اپنی خبر پر آج بھی قائم ہیں، سعید غنی کے زیر استعمال گاڑیوں سے متعلق خبر صحافتی تقاضوں کو پورا کرکے نشر کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے کیس کا سامنا کررہے ہیں، کئی برسوں میں سعید غنی ہمارے خلاف شواہد پیش نہیں کرسکے۔
سنجے نے کہا کہ بحیثیت صحافی ذمہ داری کے ساتھ خبر نشر کی گئی، آج تک سعید غنی خبر کو غلط ثابت نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر سعید غنی نے خبر چلانے پر صحافی سنجے سادھوانی ،نجی چینل کے ڈائریکٹر نیوز اور مالک کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔