اتوار, جون 15, 2025
اشتہار

وزیراعظم کے معاون خصوصی کے گھر پر راکٹ حملہ

اشتہار

حیرت انگیز

باجوڑ : رکن قومی اسمبلی اور معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھرراکٹ حملہ ہوا، جس میں رہائش گاہ کے داخلی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کی رہائش گاہ پر راکٹ حملہ کیا گیا، جو ایک ماہ کے اندر اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ راکٹ رات گئے فائر کیا گیا،جس سے باجوڑ ضلع میں واقع مسٹر خان کی رہائش گاہ کے داخلی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص رفیق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ تقریباً ایک بجے صبح پیش آیا۔

حملے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، حملے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے مزید کہا کہ فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ متعدد زاویوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حملے کے بعد علاقے اور گردونواح میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی مجرموں کا سراغ لگانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

مسٹر مبارک زیب خان، جو حکمراں جماعت سے وابستہ ہیں، مقامی سیاست میں سرگرم رہے ہیں اور باجوڑ میں ترقیاتی اقدامات میں اپنی شمولیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملے کی مذمت کرتے حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان نہ ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

وزیراعظم کی واقعے کی فوری تحقیقات اور حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں