لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے لئے اہم عہدوں پر تقرری کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ثقلین مشتاق کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے وہ ایک سال تک اپنی ذمے داریاں نبھائیں گے، سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف آسٹریلیا سیریزکےلیےبیٹنگ کوچ ہوں گے۔
پی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ ہونگے
عبدالمجید بدستور فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ثقلین مشتاق نے پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
تاہم بعد ازاں پی سی بی اور ثقلین مشتاق کے درمیان معاملات طے پاگئے تھے جس کے بعد ثقلین مشتاق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ثقلین مشتاق نے گزشتہ برس بھی استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد انہیں قومی ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔