"لاہور : میرے گھر والے زبردستی مجھ سے غلط کام کروانے کے لئے مجھے دبئی بھیجتے ہیں، گھر پر بھی لوگوں کو بلا کر مجھ سے غلط کام کرواتے ہیں۔
یہ باتیں ہیں 17سالہ کشش کی جو اپنے گھر والوں کے ہی ظلم وستم کا شکار ہے، ٹیم سرِ عام سے گفتگو کرتے ہوئے کشش نے اپنی بےبسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعاون کرنے کی اپیل کی۔
اللہ جسے چاہے ہدایت دے کے مصداق گناہ اور بے حیائی کی دلدل میں پیدا ہونے والی نوجوان لڑکی اس مکروہ دھندے سے جان چھڑانے کیلئے بے چین ہے اور سکون کی تلاش میں گھر والوں سے چھٹکارا چاہتی ہے۔
کشش کی ملنے والی ویڈیو کو بنیاد بنا کر اے آر وائی کے مقبول پروگرام سرعام کی ٹیم نے اقرار الحسن کی سربراہی میں اس کے گھر جاکر رابطہ کیا۔
گھر میں داخل ہوکر سب سے پہلے اس کی والدہ کا سامنا ہوا جس سے کشش کے بارے میں پوچھ کر ٹیم اس کے کمرے کی جانب بڑھ گئی۔
ٹیم سرعام سے گفتگو کرتے ہوئے کشش نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی اور اس گندی اور بدبودار زندگی سے چھٹکارا پانے کیلئے وہاں سے نکلنے کیلئے کہا۔
اس کا کہنا تھا کہ اس کام سے منع کرتی ہوں تو یہ لوگ مجھے بہت مارتے ہیں مما، پاپا، بہن بھائی سب مل کر یہی کام کرتے ہیں۔ کشش نے بتایا کہ مجھ سے یہ کام چودہ سال کی عمر سے زبردستی کروایا جارہا ہے، اگلے ہفتے یہ لوگ مجھے دبئی بھیج رہے تھے۔