اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

سارہ شریف قتل کیس: پاکستان میں مقتول بچی کے والد کے 5 بچوں کو تحویل میں لے لیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

جہلم : پولیس نے برطانیہ میں سارہ شریف قتل کیس کے مرکزی ملزم والد عرفان شریف کے 5 بچوں کو تحویل میں لے لیا، بچوں میں نعمان،حنا،بساء،احسان اوراذلان شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں 10 سالہ سارہ شریف مبینہ قتل کیس کی تحقیقات جاری ہے ، جہلم پولیس نے مقتول بچی کے والد عرفان شریف کے گھر اور جنرل اسٹور پر دروازہ توڑ آپریشن کیا۔

ڈی پی او ناصرمحمود نے بتایا کہ سارہ شریف مبینہ قتل میں ملوث والد، والدہ اور چچاکی تلاش جاری ہے، آپریشن میں ملزم عرفان شریف کے 5 بچوں کو تحویل میں لے لیا۔

- Advertisement -

ناصرمحمود کا کہنا تھا کہ بچوں میں نعمان،حنا،بساء،احسان اوراذلان شامل ہیں، بچوں کو تحویل میں لینے کیلئے انٹرپول نے ییلو وارنٹ جاری کیے تھے، سارہ شریف کےمبینہ قاتلوں کو جلدگرفتارکرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحویل میں لیے جانے والے پانچوں بچوں کو ڈی پی او کے ریٹرنگ روم میں رکھا گیا ہے، بچوں کو سیف کسٹڈی کے تحت دادا کو دیا جائے گا۔

چند روز قبل برطانیہ میں پاکستانی نژاد بچی سارہ شریف کی پراسرار ہلاکت کے معاملے پر سوتیلی ماں کا ویڈیو بیان سامنے آیا تھا ، جس میں بینش بتول نے دعویٰ کیا تھا کہ سارہ سیڑھیوں سے گری، موت ایک حادثہ ہے، جو بھی ہو رہا ہے اس سے ہماری فیملی شدید متاثر ہوئی ہے۔

بینش بتول کا کہنا تھا کہ میرے شوہرعرفان کے والد نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ،ہمارا خاندان خوف کا شکار ہے ، بچے اسکول نہیں جارہے،برطانوی حکام سے تعاون کرنے کو تیار ہیں، اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے۔

یاد رہے برطانیہ میں دس سالہ پاکستانی نژاد لڑکی کی پراسرار موت کے بعد برطانوی پولیس کو فرار ہونے والے مقتولہ بچی کے والد اور سوتیلی والدہ کی تلاش ہے۔

برطانوی پولیس کی درخواست پر جہلم میں مقتولہ بچی کے باپ ملک عرفان شریف کے بھائیوں کو حراست میں لیا تھا۔

خیال رہے برطانوی پولیس کو دس سالہ سارہ شریف کی لاش دس اگست کو گھرسے ملی تھی، جس کے بعد سے اس کا باپ ملک عرفان دوسری بیوی اور چار بچوں سمیت غائب تھا، جن کےبارے میں پتہ چلا کہ وہ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں