مظفر آباد : سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد نے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے کشمیریوں کیلئے سفارت کاری کا حق ادا کردیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب پر اپنے بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اقوام متحدہ اجلاس سے خطاب جذبات کی عکاس ہے۔
عمران خان نے جو کہا وہ کشمیر کے دو کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کیلئے سفارت کاری کا حق ادا کردیا۔
سردار عتیق کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ پاکستان میں قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے، انہوں نے پاکستان اور وزارت عظمیٰ کو نئی عزت سے نواز دیا۔
انہوں نے اپیل کی کہ عمران خان کا خطاب تقاضا کرتا ہے تمام سیاسی جماعتیں ان کی وطن واپسی پر ان کا والہانہ استقبال کریں۔