پاکستان کی ڈمپل گرل ہانیہ عامر اور بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم سردار جی تھری نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس میں مشہور فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم سردار جی تھری نے لاہور سمیت ملک بھر میں ریکارڈ بزنس کر لیا، فلم کو 27جون کو ملک بھر کے سینماؤں میں ریلیز کیا گیا تھا۔
مذکورہ فلم لاہور کے سینماؤں میں 30 سے زائد اسکرینز پر دکھائی جارہی ہیں، یہ فلم گنبیر سنگھ سدھو، منمور سدھو اور دلجیت دوسانجھ کی پروڈکشن میں تیار کی گئی ہے۔
بھارت میں شدید مخالفت کے باوجود بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ نے پاکستان میں ریلیز کے پہلے دن ریکارڈ قائم کر دیا مذکورہ فلم ملک میں سب سے زیادہ پہلے دن کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی۔
اس فلم نے سلمان خان کی 2016 کی بلاک بسٹر فلم ’سلطان‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور ریلیز کے پہلے ہی دن 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بزنس کیا، جو پاکستان میں کسی بھی بھارتی فلم کی پہلے دن کی سب سے بڑی کمائی ہے۔
انڈسٹری کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تک مجموعی طور پر فلم سردار جی تھری نے تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے۔
سردار جی 3 ایک کامیڈی، فینٹسی اور ہارر سے بھرپور فلم ہے، اس میں دلجیت دوسانجھ کو ایک ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھوتوں کا پیچھا کرتا ہے۔
فلم کی کہانی برطانیہ میں ایک آسیب زدہ حویلی کے گرد گھومتی ہے، جہاں دلجیت، ہانیہ عامر، نیرو، گلشن گروور، جسمین اور دیگر فنکار ناصر چنیوٹی، سلیم البیلا اور دانیل خاور کے ہمراہ ایک مہم پر نکلتے ہیں۔