اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

ملک چلانا نواز شریف کے بس کی بات نہیں رہی، مستعفی ہوجائیں ،لطیف کھوسہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف واضح کر چکے ہیں کہ وہ مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے لیکن وزیراعظم کو معلوم کرنا چاہیئے کہ ملک میں فوجی مداخلت کے بینرز کہیں ان کا وزیر داخلہ تو نہیں لگوا رہا۔

یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب سیکرٹیریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی کیخلاف اقوام متحدہ، عالمی تنظیموں اور حکومت پاکستان کی خاموشی شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک پہلے بغیر وزیر خارجہ کے چل رہا تھا، اب وزیراعظم کے بغیر بھی چل رہا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملکی مفاد سے زیادہ بھارتی وزیراعظم کے ساتھ اپنی دوستی کو ترجیح دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 21 جولائی کو لاہور میں ہونے والے آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں ان کی جماعت کی گزارشات کو الیکشن کمیشن نے نہیں سنا۔

انہوں نے کہا کہ ترک جمہوریت کو درپیش خطرہ ابھی تک نہیں ٹلا، پاکستان میں جنرل راحیل شریف واضح کر چکے ہیں کہ وہ مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے لیکن یہ پتہ کروانا حکومت کا فرض ہے کہ ملک بھر میں فوجی مداخلت کے بینرز اور ہورڈنگز کون لگوا رہا ہے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں