بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے: صدر آزاد کشمیر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے بھیانک اطلاعات آرہی ہیں، وادی میں قتل عام ہو رہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر پر نیا حملہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ 80 ہزار فوجیوں نے یلغار کی، یلغار کے بعد مقبوضہ کشمیر کو تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے ریاست کا درجہ چھین کر یونین کا حصہ بنا لیا گیا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات معطل کر رکھے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو بتا دیا گیا کہ ان کا ان کی زمین پر ہی اختیار نہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل اور میدان جنگ میں بدل دیا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بنیادی حق چھین لیے ہیں۔ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں حل کے لیے قراردادیں منظور کر چکی ہے۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے جو اطلاعات آرہی ہیں وہ بہت بھیانک ہیں، مقبوضہ کشمیر سے گرفتار افراد کو بھارت کی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 10 ہزار فوجی مقبوضہ کشمیر میں حملہ آور ہوئے اور شہریوں کو نشانہ بنایا۔ بچے مقبوضہ کشمیر میں بلک بلک کر جان دے رہے ہیں، دواؤں کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نو آبادیاتی نظام کے تحت ہندوؤں کو آباد کرنا چاہتے ہیں، مغربی ممالک اس صورتحال پر خاموش ہیں، کوئی ردعمل نہیں آرہا۔ انسانی حقوق کا درس دینے والے کوئی آواز نہیں اٹھا رہے۔ حریت رہنما قید اور مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت محبوس ہے۔ مودی حکومت اپنے مکروہ اقدامات سے دنیا کو گمراہ کررہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ہو رہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ شہریوں کو مقبوضہ کشمیر سے غائب کیا جا رہا ہے، اب تک 6 ہزار افراد کوٖ غائب کر کے تشدد کیا جا رہا ہے. بھارت مقبوضہ کشمیر میں نئی دہلی سے براہ راست حکومت کرنا چاہتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سلامتی کونسل مزید اجلاس بلائے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ذمے داری بنتی ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا آغاز کر دیا ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کی پارلیمان سے رابطے میں ہیں۔ پاکستان کو ہمہ وقت چوکنا رہنا چاہیئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں