اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار گمنام قبروں کی فرانزک رپورٹ ملنی چاہیئے۔ بھارت کے قید خانوں کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے کشمیر سے متعلق منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور بارڈر یکطرفہ طور پر کھولا گیا، بھارتی حکومت نے اس فیصلے کا خیر مقدم نہیں کیا۔ سکھوں اور پاکستان نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
سردار مسعود کا کہنا تھا کہ کشمیر کی تقسیم کے حق میں نہیں، اس قسم کے اقدامات سے بھارت فائدہ اٹھائے گا۔ ’گلگت کو حقوق دیں لیکن خیال رکھیں مسئلہ کشمیر کو نقصان نہ پہنچے‘۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار گمنام قبروں کی فرانزک رپورٹ ملنی چاہیئے۔ بھارت کے قید خانوں کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیئے۔ بین الاقوامی ممالک مل کر بھارت پر معاشی پابندیاں لگائیں۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت کرتار پور کے جواب میں اعتماد سازی میں پہل کرے۔ مسئلہ کشمیر پر سہ فریقی مذاکرات ہونے چاہئیں، مسئلہ کشمیر بین الاقوامی ذرائع سے حل ہوگا۔ ’مسئلہ کشمیر دہلی یا اسلام آباد کی بنیاد پر حل نہیں ہوگا، بین الاقوامی ایوان کی جانب جائیں‘۔
کانفرنس میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے کشمیر میں مظالم کی تصدیق کی، کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کم ووٹر ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے لوگ بھارت سے تنگ ہیں، ایسا صرف اس طرح ممکن ہے کہ کسی ملک کے لوگ خود احتجاج کے لیے باہر نکلیں۔