بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

اساتذہ نے بائیکاٹ کیا تو خود امتحانات میں نگران بنوں گا:وزیرتعلیم سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے میٹرک امتحانات بروقت انعقاد کروانے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ اساتذہ نے بائیکاٹ کیا تو خود نگران بنوں گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں اس وقت اساتذہ کی جانب سے ہڑتال جاری ہے جبکہ ہڑتال پر آمادہ اساتذہ نے آئندہ کچھ دنوں میں صوبے میں ہونے والے میٹرک کے امتحانات کے بائیکاٹ کا بھی عندیہ دیا ہے۔

گزشتہ روزسندھ کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے ٹائم اسکیل، ملازمتیں مستقل کرنے اور پروموشن کے سلسلے میں کراچی پریس کلب پر آٹھ گھنٹے احتجاج کیا ، جس پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی گئی، جبکہ کچھ اساتذہ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

اساتذہ نے کئی گھنٹے جاری رہنے والے احتجاج کے بعد جمعے اور ہفتے کے روز تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اورساتھ ہی عندیہ دیا تھا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ امتحانات کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔

ٹیچرزایسوسی ایشن کااحتجاج ختم، بھوک ہڑتال کا اعلان

سرکاری اساتذہ کی اس دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ میٹرک امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ اگر اساتذہ نے امتحانات کا بائیکاٹ کیا تو خود امتحانات کانگراں بنوں گا، میرے ساتھ سیکریٹری تعلیم بھی امتحانات کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو نجی سیکٹر سے نگراں امتحانات منتخب کریں گے لیکن امتحانات بروقت منعقد کیے جائیں گے ۔

یاد رہے کہ اساتذہ کے احتجاج کے سبب سندھ کی انتظامیہ پہلے ہی امتحانات کی تاریخ آگے بڑھا چکی ہے۔نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 25 مارچ 2019 سے شروع ہونا تھے، تاہم احتجاج کے سبب انہیں ملتوی کرکے پہلی اپریل سے منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں