لاہور : عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ پنجاب کےعہدے کا حلف اٹھالیا، قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے عثمان بزدار سے حلف لیا، عثمان بزدار ذاتی گاڑی میں گورنر ہاؤس پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد عثمان بزدار نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔
گورنرہاؤس کے دربارہال میں منعقدہ تقریب میں قائم مقام گورنر پرویزالٰہی نے نومنتخب وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الہی، نگراں وزیراعلی حسن عسکری اور رکن پنجاب اسمبلی علیم خان سمیت متعدد اراکین اسمبلی بھی گورنر ہاؤس میں موجود تھے۔
اس سے قبل عثمان بزدار سرکاری گاڑی کے بجائے ذاتی کار میں گورنر ہاؤس پہنچے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اب قوم کا پیسہ قوم پرہی خرچ ہوگا، سرکاری وسائل کو قوم کی امانت سمجھ کر خرچ کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں پی ٹی آئی کے عثمان بزدار186ووٹ حاصل کرکے وزارت اعلیٰ کے حقدار قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل ن لیگ کے حمزہ شہباز159ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کےعثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب
مذکورہ انتخاب میں پیپلز پارٹی کے کسی رکن نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا، قبل ازیں قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں بھی پیپلزپارٹی نے کسی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔