ایبٹ آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد95تک پہنچ گئی ہے۔
جبکہ 22پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں، حج آپریشن کے ذریعے52000 پاکستانی واپس وطن پہنچ گئے ہیں، جبکہ89000 پاکستانی تاحال سعودی عرب میں موجودہیں۔
محرم الحرام میں امن وامان بر قرار رکھنے اورباہمی اتحاد قائم کرنے کیلئے علمائے کرام کا اجلاس تیرہ اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔
ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں سردار ابرار کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں سردار یوسف کا کہنا ہے کہ سانحہ منی میں شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے تین لاکھ روپے حکومت ادا کرے گی،تاہم سعودی حکومت کی جانب سے کسی امداد کا علم نہیں ہے۔
سردار یوسف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی طرح ملک کے دیگر صوبوں میں اوقات نماز اور اذان کا ایک وقت مقر ر کرنے کیلئے بھی علمائے کرام سے مشاورت جاری ہے، اور کلینڈران کی وزارت خود بنا کر دے گی۔