بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

سرفراز احمد نے ٹی وی پر تنقید، منہ پر تعریف کرنیوالے کرکٹرز کے بارے میں کیا کہا؟

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے چیمپئنزٹرافی فاتح کپتان سرفراز احمد نے ٹی وی پر بیٹھ کر تنقید اور منہ پر تعریف کرنے والے کرکٹرز کو آئینہ دکھا دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان نے سرفراز احمد سے سوال کیا کہ جب بھی کرکٹ کا کوئی ایونٹ ہوتا ہے اکثر کرکٹر ٹی وی پر نظر آتے ہیں آپ کیوں نظر نہیں آتے؟ اس پر سرفراز نے کہا کہ میں ٹی وی پر بیٹھ کر اپنے سب بڑوں کو دیکھتا ہوں کہ جب وہ کھیل رہے ہوتے ہیں کوئی اور بات کررہے ہوتے ہیں جب ٹی وی پر بیٹھ جاتے ہیں تو کچھ اور بات کررہے ہوتے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جب میں کرکٹ کھیل رہا ہوں اور گرائونڈ میں ہوں تو میڈیا پر بیٹھنا اتنا اچھا نہیں ہے، ایسا نہیں ہے کہ آفر نہیں آتی، جب چیمپئنزٹرافی ہورہی تھی تو دو تین جگہ سے تجزیہ کرنے کے لیے آفر آئی تھی۔

سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم نے بتایا کہ میں نے انھیں منع کردیا کیوں کہ مجھے خود ابھی شوق نہیں ہے ٹی وی پر بیٹھنے کا، مجھے اچھا نہیں لگتا کہ جب ہمارے سارے بڑے کرکٹرز بیٹھتے ہیں اور کوئی اس طرح کی بات کرتے ہیں۔

انھوں نے مثال دی کہ ابھی حال ہی میں لے لیں کس کس نے کیا کیا نہیں بولا، آپ ان کرکٹرز کے بارے میں بات کرتے ہیں جن کے ساتھ آپ صبح شام بیٹھتے ہیں جن کے ساتھ بیٹھ کر آپ نے کھانا کھایا ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ جب آپ کھیل رہے تھے تو آپ کہہ رہے تھے کہ ان سے اچھا کوئی پلیئر نہیں ہے، جب آپ نہیں کھیل رہے ہیں تو کہہ رہے ہیں کہ یہ پلیئر ایسے ہیں ویسے ہیں۔

پاکستان کو چیمپئنزٹرافی جتوانے والے کپتان نے کہا کہ یا توآپ اس وقت غلط تھے یا آج آپ غلط ہیں، اور جو بھی بات کریں نہ توازن رکھ کر بات کریں۔

انھوں نے کہا کہ جتنے بھی لوگ ٹی وی پر بیٹھے ہیں ان سب کے ساتھ کبھی نہ کبھی کرکٹ کھیلے ہیں، جو لوگ ٹی وی پر بیٹھے ہوئے ہیں ان میں سے اکثر کے اسٹیٹیس اتنے کوئی خاص نہیں ہونگے، اس لیے بہت سوچ سمجھ کر اور اپنے وقت کو یاد کرکے بات کرنی چاہیے۔

سرفراز احمد نے مومن ثاقب کو ’ڈرامے باز‘ قرار دے دیا

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں