قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم ڈائریکٹر مقرر کردیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے سرفراز احمد کی تقرری کا اعلان کیا ہے، ندیم عمر نے سرفراز کو ریلیز کرنے کے بعد کہا تھا کہ سرفراز ٹیم کی جان ہیں ہم ان کو چھوڑ نہیں سکتے، آپ انہیں نئے رول میں دیکھیں گے۔
ندیم عمر نے کہا کہ مجھے سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، مجھے یقین ہے کہ وہ فرنچائز میں انمول تجربہ اور قیادت لائے گا۔
انہوں نے سرفراز کے بطور ٹیم ڈائریکٹر اور پاکستان کے سابق کپتان معین خان کے بطور ہیڈ کوچ مضبوط امتزاج کی بھی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شراکت مستقبل کے پی ایس ایل سیزن میں فرنچائز کے لیے مزید کامیابی کا باعث بنے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سرفراز احمد نے اپنی کپتانی میں میں 2019 کا ٹائٹل جتوایا جبکہ 2016 اور 2017 میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل کھیل چکی ہے۔
جنوری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کا چوتھا ایونٹ جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو اُن کی ٹیم نے ریلیز کردیا تھا۔
پی ایس ایل نائن میں سرفراز احمد کی جگہ جنوبی افریقا کے رائلی روسو کپتان تھے۔