کراچی: پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایونٹ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں، ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹارگٹ پی ایس ایل میں پرفارمنس ہے، نسیم سے امیدیں ہیں وہ باصلاحیت بولر ہیں، ان کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ عوام پی ایس ایل کی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، گزشتہ 4 سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، کوشش ہے اعزاز کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے، پی ایس ایل میرے لیے اہم ہے، پوری توجہ پرفارمنس پر ہے۔
مزید پڑھیں: شاداب خان سابق کپتان کی کمی محسوس کرنے لگے
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن محمد سمیع کو مس کر رہے ہیں، بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اس لیے کپتانی کا دباؤ نہیں ہے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کوعلم ہے کرکٹ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے،غیر ملکی پلیئرز پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے قرار ہیں۔
کوئٹہ اور اسلام آباد کے کپتان ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایونٹ کا پہلا میچ کل کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔