پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کوئی بھی ٹیم ہارنے کے لیے نہیں کھیلتی جب بھی کھلاڑیوں پر تنقید کریں تو متوازن رکھ کر کریں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے نیا ناظم آباد میں فٹبال ٹورنامنٹ کے افتتاح پر گفتگو میں کہا کہ گراؤنڈ میں اترنے والی ہر ٹیم جیتنے کے لیے کھلتی ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے اپنی پوری کوشش کی لیکن اگر اس کا فیصلہ ہمارے حق میں نہیں آیا تو کوئی بات نہیں امید ہے آنے والے وقت میں ٹیم اچھا کھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہماری ٹیم دورہ نیوزی لینڈ پر جارہی ہے، نوجوان لڑکے اس ٹیم کا حصہ ہے امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا کھیلے گی اور فیصلے ہمارے حق میں آئیں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کیلئے سب باتیں کرتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہیے، دورہ نیوزی لینڈ کے لیے وہ تمام نوجوان کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں جس کے بارے میں سابق کھلاری ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنا پی سی بی کا اچھا اقدام ہے، امید ہے نوجوان لڑکوں پر مشتمل ٹیم اچھا کھیلے گی۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ہمیشہ یہ بات کی جاتی ہے کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، تنقید کرنے والوں میں پرانے کھلاڑی بھی ہوتے ہیں، انہیں بھی پتہ ہے کہ کوئی بھی ہارنے والی ٹیم نہیں بناتے اس لیے کھلاڑیوں پر تنقید کریں تو متوازن رکھ کر کریں، جو ٹی وی پر بیٹھے ہیں وہ ان مراحل سےگزرے ہوئے ہیں۔