اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

کپتانی چھوڑنے کا ارادہ نہیں، حتمی فیصلہ بورڈ کرے گا، سرفراز احمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم نے ابتدائی پانچ میچز  اچھے نہیں کھیلے البتہ آخری چار مقابلوں میں کم بیک کیا، کپتانی چھوڑنے کا ارادہ نہیں البتہ حتمی فیصلہ بورڈ کرے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے دوران ٹیم کے ساتھ جو واقعات رونما ہوئے وہ بالکل بھی اچھے نہیں تھے، اس لیے ہم نے بھارت سے شکست کے بعد 2 دن آرام کیا اور نئی امید کے ساتھ دوبارہ آغاز کیا، آخری کے چار میچز میں ٹیم نے بہت اچھا کم بیک کیا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شروع کے میچز میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی البتہ اس کا زیادہ احساس بھارت سے شکست کے بعد ہوا مگر ہم نے آخری کے چار میچز میں بہت اچھی پرفارمنس دی اور کوشش کی کہ انہیں اچھے مارجن سے جیتیں مگر رن ریٹ بہتر نہ ہوسکا، پورے ورلڈکپ میں مکی آرتھر نے بہت اچھے طریقے سے لوگوں اور ٹیم کو ہینڈل کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سرفراز کا کہنا تھا کہ جب آپ برا کھیلتے ہو تو تنقید بھی ہوتی ہے، بھارت سے شکست کے بعد لڑکے ذہنی طور پر بہت زیادہ اداس تھے کیونکہ کوئی بھی ٹیم اسٹیڈیم میں شکست کے لیے نہیں جاتی، ٹیم منیجمنٹ نے اچھے طریقے سے رسپانس کیا۔

تنقید کے حوالے سے سرفراز کا کہنا تھا کہ ہر شخص کی اپنی اپنی رائے ہوتی ہے جس کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا،شروع کے میچز میں میں اپنے نمبر پر ہی کھیل رہاتھا البتہ پھرمیں نے اپنی جگہ حارث سہیل کو بھیجنا شروع کیا، اللہ کا شکر ہےمیں اپنی پرفارمنس کےحوالےسےمطمئن ہوں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا کیونکہ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ 500 رنز بنائیں گے البتہ یہ ضرور بولا کہ اگر کوئی معجزہ ہوگیا تو اتنا ہدف دے سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میرا فی الحال کپتانی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں البتہ اس کا حتمی فیصلہ بورڈ کو کرنا ہے، مانتے ہیں پہلے پانچ میچز میں ہم برا کھیلے مگر ٹیم جیتنے کےلئے گئی تھی۔ سرفراز نے مزید کہا کہ ٹیم میں کوئی اختلافات نہیں مگر بدقسمتی اور رن ریٹ کی وجہ سے ہم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں