فیصل آباد: قومی ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے دوبارہ سندھ کی ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جہاں ایک بار پھر سرفراز احمد بطور کپتان اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سرفراز احمد نے اب ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹر پر مرکوز کردی ہے، وہ سندھ کی ٹیم کی کپتانی کرنے کے ساتھ اچھا پرفارم کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں، سندھ کی ٹیم کے نائب کپتان اسد شفیق ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں سرفراز احمد نے کپتانی چھوڑ دی تھی اور بطور وکٹ کیپر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، سرفراز کی جگہ سندھ کی ٹیم کی قیادت اسد شفیق نے کی تھی۔
مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو کپتانی سے کیوں ہٹایا گیا ؟ مصباح الحق نے بتا دیا
یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں شکست کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی اور اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان منتخب کیا تھا، سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا سے بھی ڈراپ کرکے وکٹ کیپر محمد رضوان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سرفراز احمد ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں، انہوں نے 37 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 میچ جیتے اور صرف 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم اس وقت ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔