بدھ, اپریل 2, 2025
اشتہار

سرفراز احمد کی شادی کی تاریخ 3 بار کیوں تبدیل ہوئی؟ شاہین آفریدی کو کیا مشورہ دیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے باخبر سویرا کے عید پروگرام میں اپنی شادی کی تاریخ کی تبدیلی کے بارے میں انکشاف کیا ہے، انھوں نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ایک اہم مشورہ بھی دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان نے کہا ’’2015 میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئی تھی، میری شادی کی تاریخ 3 بار تبدیل ہوئی تھی، شادی کے ساتھ میچ کھیل کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو ویلکم کیا۔‘‘

سرفراز احمد کو کراچی کے علاقے بفر زون سے لگاؤ ہے، اس لیے انھوں نے آج تک وہیں رہائش اختیار کر رکھی ہے، یہ بات بھی انھوں نے اپنی گفتگو میں بتائی۔ انھوں نے کہا کہ دوستو نے کہا کہ ڈیفنس میں منتقل ہو جاؤ لیکن میری بفر زون سے انسیت ہے، جان پہچان ہے، جس گلی میں میں کھیلتا تھا میرا بیٹا بھی وہیں کھیلتا ہے۔

انھوں نے بتایا کرکٹ کھیلنے پر والد سے بہت ’کُٹ‘ کھائی ہے، ہمارے تو کُٹ کھانے کے مشہور مشہور قصے بھی ہیں، ابا گراؤنڈ سے مارتے ہوئے گھر لے کر آتے تھے، میں نے قرآن حفظ کیا ہے، امام صاحب کے بیٹے سے میری دوستی تھی، ان کے گھر میں ٹی وی تھا، تو میں اسکول کی بجائے اس کے گھر جا کر میچ دیکھتا تھا، تو ایک دن ابا امام صاحب کو ناشتا دینے آ گئے اور ہم وہاں بیٹھ کر میچ دیکھ رہے تھے، امام صاحب کو پتا نہیں تھا تو انھوں نے ابا کو میرے بارے میں بتایا، پھر وہ ہمیں مارتے ہوئے گھر لے کر گئے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئی آپ کے بارے میں بات کرتا ہے تو فرق ضرور پڑتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ باہر میچ کھیلنے گئے اور موبائل نہ دیکھیں، کوئی تنقید کرتا ہے تو دکھ ہوتا ہے، جب آپ اچھا کرتے ہیں لوگ ہیرو بناتے ہیں۔

انھوں نے دیگر کھلاڑیوں کے حوالے سے کہا ’’بطور کپتان اور کھلاڑی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، شاہین آفریدی کو مشورہ دیتا ہوں غصہ کم کریں اور اپنی توانائی بچائیں، بابر اعظم کو ایک لمبے عرصے تک پاکستان کے لیے کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں، فخر زمان، صائم ایوب جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں ٹیم کو ضرورت ہے۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں