قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے تینوں فارمیٹس کے کپتان کے لیے شاداب خان کی حمایت کردی۔
یوٹیوب پوڈ کاسٹ کے دوران سرفراز احمد سے سوال کیا گیا کہ شاہین آفریدی، شاداب اور محمد رضوان میں سے کون سا کھلاڑی مستقبل میں تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کا کپتان بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سرفراز احمد نے شاداب خان کی آل راؤنڈ کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ ٹیم کے کپتان بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ شاداب خان ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ کرکٹ میں بطور کپتان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ شاداب جس نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں وہ ٹیم میں بطور کپتان اور آل راؤنڈر بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو پانچ بولرز کے ساتھ جانا ہوتا ہے ان پانچ بولرز میں سے آپ کا پانچواں بولر آل راؤنڈر ہوگا جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں کرسکتا ہے۔
سرفراز نے کہا کہ چاہے ہم ون ڈے کرکٹ کی بات کریں یا ٹی 20 کرکٹ کی شاداب تینوں فارمیٹس میں خود کو ایڈجسٹ کرسکتے ہیں۔