ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بڑا چیلنج ہے، سرفراز احمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے بڑا چیلنج ہے، سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم کو بہت ضرورت ہے کیونکہ نئے کھلاڑیوں کو ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

کراچی پریس کلب میں اپنے اعزاز میں دی جانے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ جیت کے اس تسلسل کو برقرار رکھیں اور قوم کو مزید خوشیاں دیں، چیمپئنر ٹرافی کے پہلے میچ میں شکست کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے پست ہوگئے تھے مگر ٹیم منیجمنٹ نے لڑکوں کی بہت حوصلہ افزائی کی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ سینئر کھلاڑی بھی ٹیم کی ضرورت ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ نئے کھلاڑی ٹیم میں آئیں تو سینئرز کو ٹیم سے باہر کردیا جائے، ہماری ٹیم میں سینئرز اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین مجموعہ ہے کیونکہ نئے کھلاڑیوں کو سینئرز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

- Advertisement -

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی اور بحالی کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ نو سال سے ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ نہ ہونے سے پاکستان کرکٹ کو بہت زیادہ نقصان پہنچا اب انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے۔

ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے سوال کے جواب میں  انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ ایک مختلف اور مشکل کھیل ہے، ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں مگر اظہر علی، بابر اعظم اور اسد شفیق جیسے با صلاحیت کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں جو بہترین کھیل پیش کر کے آئندہ مصباح الحق اور یونس خان کی کمی کو شاید پورا کرسکیں۔

سرفراز احمد نے سابق کرکٹرز کی تنقید پر کہا کہ اگر ہم خراب کھیل پیش کریں تو اُس پر تنقید کریں، خراب کارکردگی پر بولنا آپ کا حق ہے کیونکہ خراب کھیل پر تنقید ہونے سے ہمیں بھی اپنی کارکردگی بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں