کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑی پر اچھا اور برا وقت آتا ہے، بابراعظم میرے ساتھ بھی رہا ہمیشہ سپورٹ کیا، بابراعظم میں قابلیت ہے وہ پاکستان کو فتوحات دلوائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سرفراز احمد نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان ان کے پاس آئے تھے اور کہا تھا کہ آپ استعفیٰ دے دیں، ان کے مایوس ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، فیصلہ پی سی بی نے لینا ہوتا ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا ڈومیسٹک کھیلیں اور پھر ٹیم میں شامل ہوجائیں، میری بابراعظم کے لیے نیک خواہشات ہیں، آسٹریلیا کا دورہ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے، 100میچ میں نے سپروائز کیے، کوشش کی کہ بہتر سے بہتر پاکستان کے لیے کھیل سکوں۔
سابق کپتان نے بتایا کہ احسان مانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے فون پر کہا کوئی مسئلہ ہو رابطہ رکھیں۔ اسی طرح وسیم صاحب کا بھی شکریہ انہوں نے میری کارکردگی کو سراہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہماری ٹیم ٹیسٹ سیریز میں اچھا کھیلے گی۔
سرفراز کی بطور کپتان پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں: وہاب ریاض
یاد رہے کہ حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی فارم اچھی نہیں ہے، سرفراز احمد کی بطورکپتان پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، ان کی خدمات کے سب معترف ہیں۔