سرگودھا : گندم کے ڈرم میں چھپنے والی ایک ہی گھر کی 6 معصوم بچیاں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں، ، جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن سے دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ہی گھر کی 6 معصوم بچیاں کھیلتے کھیلتے موت کی وادی میں جا پہنچیں۔
افسوسناک واقعہ تحصیل کوٹ مومن کے نواحی علاقہ جناح کالونی میں پیش آیا، جہاں ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہے۔
جناح کالونی میں اس وقت قیامت صغریٰ برپا ہوگئی، جب ایک گھر کے بھڑولے میں کھیلتی ہوئی چھ کم سن بچیاں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 7 سالہ مریم، 6 سالہ سونیا، 1 سالہ دعا فاطمہ، 4 سالہ سویرا رانی، 6 سالہ آمنہ اور 8 سالہ سمیہ شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ بچیاں اس وقت بھڑولے میں چلی گئیں، جب گھر کے افراد صفائی کے بعد باہر چلے گئے تھے۔ کچھ دیر بعد جب گھر والوں نے بچوں کو تلاش کیا تو وہ گندم کے بھڑولے میں بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں، مگر بدقسمتی سے تمام بچیاں موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں، جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔