سرگودھا میں دیرینہ دشمنی نے ایک اور المناک واقعے کو جنم دیا، کار پر فائرنگ سے 4 افراد جان سے گئے جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خوشاب روڈ پر سبھروال کالونی کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عدالت سے واپس جارہے تھے، ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔
ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے، واقعہ چک چوّن کے دو گروہوں کے درمیان دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔
ڈی پی او سرگودھا نے کہا کہ فارنزک ٹیم موقع سے شواہد اکٹھے کررہی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس ٹیم روانہ کردی گئی، لیکن کھلے عام قتل و غارت گری نے علاقے کے امن و امان پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے علاقہ لرز اٹھا اور کافی دیر میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، اس واقعے نے ایک بار پھر امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔