سرگودھا : بیس مریدوں کو قتل کرنے والے سفاک جعلی پیر کو عدالت نے اس کے تین ساتھیوں سمیت27 ،27 مرتبہ سزائے موت، سو سال قید اور جائیدا د ضبط کرنے کی سزا دے دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بڑے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت نے سرگودھا کے ایک آستانے میں 20 مریدین کو ڈنڈے مار مار کر قتل کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عبدالوحید اور اس کے تین ساتھیوں کو 27 ،27 مرتبہ سزائے موت ، 100 سال قید اور جائیدا د ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اپریل2017میں پنجاب کے ضلع سرگودھا کے نواحی گاؤں میں درگاہ کے متولی عبدالوحید نے لاٹھی اور چاقو کے وار کرکے خواتین سمیت20افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، پولیس کو واقعے کی اطلاع ڈی ایچ کیو اسپتال سرگودھا میں آنے والی ایک زخمی خاتون نے دی تھی۔
عینی شاھدین کے مطابق جیسے ہی مرید دربار میں متولی عبدالوحید کے پاس پہنچتے تھے وہ انہیں نشہ آور دوائی پلاتا اور سر پر ڈنڈوں کے وار کرکے انہیں ہلاک کردیتا تھا۔
مزید پڑھیں : مریدوں نے خود ایک دوسرے کو قتل کیا، جعلی پیر اعتراف سے منحرف
متولی عبدالوحید کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ ایک سابق سرکاری افسر تھا، عبدالوحید نے دورانِ تفتیش پولیس کو بتایا تھا کہ مریدوں کو اس شک میں قتل کیا ہے کہ وہ مجھے زہر دینے کی سازش میں ملوث تھے، مقتولین میں سابقہ پیر کا بیٹا بھی شامل ہے۔