جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں‌ پیش کی جائے، عمران خان، سرگودھا جلسہ

اشتہار

حیرت انگیز

سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے، فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے لیکن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، عالمی سازش کے تحت فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، فوج مجبور ہے کیوں کہ نوازشریف کے ماتحت ہے۔

معصوم کشمیری بچیاں بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں

عمران خان نے کہا کہ کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیر میں معصوم بچیاں آزادی کے لیے بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے لوگوں کو آزاد ہوتے دیکھیں گے کیوں کہ کشمیر باشندے طویل عرصے سے قربانیاں دے رہے ہیں۔

شہباز شریف کا نام ڈرامہ شریف رکھ دیا

عمران خان نے لوڈ شیڈنگ پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور شہباز شریف کا نیا نام ڈرامہ شریف رکھ دیا۔

وزیر اعظم کہتے ہیں ان کے جلسے کا شامیانہ ایک میل لمبا ہے

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم جب تقریر کرتے تو لوگ کہتے جو وہ آپ کہہ رہے ہیں سچ ہے لیکن آپ کا وزیر اعظم آپ سےجھوٹ بول رہا ہے،لیہ میں شامیانے میں جلسہ ہوا تو وزیر اعظم کہتے ہیں شامیانہ ایک میل لمبا ہے، آئین میں لکھا ہےکہ لیڈر کو صادق اور امین ہونا چاہیے لیکن آپ کا وزیراعظم آپ کے سامنے ہی جھوٹ بول رہا ہے۔

آٹھ برس بعد سعودی شہزادے نے وہ معاہدہ دکھایا جو نواز شریف نے کیا

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 8سال تک قوم کو دھوکا دیتے رہےکہ کوئی معاہدہ نہیں کیا اور 8سال بعد سعودی شہزادے نے معاہدے سے پردہ اٹھایا،شہزادے نے وہ معاہدہ دکھایا جس میں نواز شریف دستخط کرکے سعودی عرب گئے۔

مے فیئر فلیٹس کے ثبوت اب تک نہ ملے

انہوں نے کہا کہ مے فیئر میں نواز شریف اور بچوں کے فلیٹس کا پوری دنیا کو علم ہوگیا،پانامالیکس کیس میں کسی جج نے بھی قطری خط قبول نہیں کیا،قطری خط قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وزیر اعظم جھوٹے ہیں، مے فیئر کے فلیٹ کیسے خریدے گئے ثبوت نہیں دیے گئے۔

تو پھر گیلانی سے کیوں استعفیٰ مانگا؟

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا کیس شروع ہوا تو ان سے کیوں استعفیٰ مانگا؟قطری خط فراڈ نکلا،جےآئی ٹی بھی سماعت کررہی ہے،آپ بھی استعفیٰ دیں، میاں صاحب آپ سے گریڈ 17 کا افسر تفتیش کرے گا،مستعفی ہوجائیں۔

عالمی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردی ہوتی ہے تو الزام پاک فوج پر لگایا جاتا ہے،بھارت میں کچھ بھی ہوجائے پاک فوج پر الزام لگتا ہے ،کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے،اس کا الزام بھی پاک فوج پر لگایا جارہا ہے، عالمی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے،کشمیریوں کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے پاک فوج کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے لیکن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس ہوتا ہے اور اگلے دن خبر چھپ جاتی ہے،اس خبر میں بھی پاک فوج کے خلاف زہر اگلا جاتا ہے، فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی، ایسی خبر کسی اور ملک میں چھپی ہوتی تو ذمہ دار پھانسی پر لٹکائے جاتے۔

پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس سیاست نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے،پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،جو لوگ کہتے ہیں کہ فوج پیچھے ہٹ گئی ان کو جواب دینا چاہتا ہوں کہ پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،آپ بتائیں فوج کیا کرتی؟ کیا فوج مارشل لا لگا دیتی؟

پاک فوج وزیراعظم کے ماتحت ہے اور  مجبور ہے

عمران خان نے کہا کہ پاک فوج وزیراعظم کے ماتحت ہے وہ مجبور ہے،جو بھی نواز شریف کے خلاف کھڑا ہوتا ہے یہ اس کو خرید لیتا ہے اور نواز شریف جس کو خرید نہیں سکتا اس کے خلاف کیسز کرتا ہے، نواز شریف نے نے مجھے بھی خریدنےکی کوشش کی،مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔

پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر ٹھیک نہیں کیا جاتا

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرح پورے ملک کی پولیس بہتر ہوسکتی ہے،یہ لوگ جان بوجھ کر پنجاب کی پولیس ٹھیک نہیں کرنا چاہتے،پولیس اس لیے ٹھیک نہیں کرتے کیونکہ ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،پولیس ٹھیک ہوگئی تو ان کی تھانہ کچہری سیاست ختم ہوجائے گی۔

نواز شریف کے وکیل بیرون ملک پاکستانیوں کو محب وطن نہیں سمجھتے

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے تمام اداروں میں اپنے لوگوں کو بٹھا دیا ہے، نواز شریف کسی ادارے میں میرٹ پر لوگوں کو نہیں لائے،ان کے وکیل بیرون ملک پاکستانیوں کو محب وطن نہیں سمجھتے،آئی پی پیز کو دی گئی رقم میں 62 ارب روپے کرپشن کا انکشاف ہوا،ہم جانتے ہیں کہ ان آئی پی پیز میں وہ لوگ تھے جنہوں نے آپ کو پیسہ دیا۔

اطلاعات کے مطابق سرگودھا میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی جنہوں نے قومی اور پارٹی پرچم بلند کررکھے تھے ساتھ ہی خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی جہانگیر ترین،شاہ محمود قریشی اور دیگر جلسہ گاہ کے اسٹیج پر موجود تھے۔

شاہینوں کے شہر پر گدھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، شیخ رشید

قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہینوں کے شہر پر گدھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، نواز شریف بھی کلبھوشن  کو پھانسی سے نہیں بچا سکتے۔

نواز شریف کو پاک فوج کا امیج خراب کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں  اصل مجرموں کو بچا لیا گیا، آپ نےجمہوری اداروں کو قومی سلامتی کے اوپر مسلط کردیا، نواز شریف کو پاک فوج کا امیج خراب کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے لکن نواز شریف جان لیں ساری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان لوگوں نے نندی پور اور قائد اعظم سولر پلانٹ بیچ دیا

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے نواز شریف کے لیے منی لانڈرنگ کا بیان دیا،ان لوگوں نے نندی پور اور قائد اعظم سولر پلانٹ بیچ دیا،نواز شریف کے ہوتے ہوئے بجلی کبھی نہیں آئےگی، نواز شریف نے جس دن سچ بول دیا ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔

دریں اثنا شیخ رشید نے جلسہ گاہ میں گو نواز گو کے نعرے لگوادیے ۔

پاک فوج کے ساتھ قوم بھی سپاہی کے طور پر کھڑی ہوگی، شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کےساتھ ہے، جارحیت کی کوشش کی تو چپے چپے کا دفاع کریں گے، پاک فوج کے ساتھ قوم بھی سپاہی کے طور پر کھڑی ہوگی۔

ڈان لیکس کی رپورٹ پر سوال کرنا ہمارا حق ہے، قریشی

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں خبر کیا پی ٹی آئی نے چھپوائی تھی؟ ڈان لیکس میں جو کچھ ہوا اس پر  ہم سوال کرنے کا حق رکھتے ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پبلک کرے۔

رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے

انہوں نے کہا کہ  ڈان لیکس پر آپ کی رپورٹ کو صحیح تسلیم کرتاہوں لیکن  ڈان لیکس پر آپ کی رپورٹ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔

جندال پاکستان کیوں آیا تھا؟ اب واضح ہورہا ہے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جندال پاکستان کیوں آیا تھا صورتحال اب واضح ہورہی ہے، ایک طرف پیغامات آرہے ہیں تو دوسری طرف بھارت عالمی عدالت جارہا ہے، سجن جندال نواز شریف کے پاس کون ساپیغام لے کر آیا تھا؟

جندال یہ کہنے آیا تھا کہ بھارت عالمی عدالت جارہا ہے

کیا سجن جندال یہ کہنے آیا تھا کہ بھارت عالمی عدالت میں جارہا ہے؟ سجن جندال کہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن کو بچانے تو نہیں آیا تھا؟

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں