کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے علاقے سے لاپتا ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کی لاش زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی ہے جبکہ پولیس تحقیقات پر بھی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں 7 سالہ بچے صارم کے گھر ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی عبدالوسیم تعزیت کے لیے پہنچے تو انہیں خواتین نے گھیر لیا۔
خواتین نے ان سے کہا کہ ہمارا بچہ چلا گیا تم سیاست چمکانے آگئے، بچہ اپارٹمنٹ میں تھا اور پولیس رشتے داروں کے گھروں پر چھاپے مار رہی تھی۔
ایم کیو ایم رکن اسمبلی عبدالوسیم خواتین کا غصہ دیکھ کر واپس چلتے بنے۔
مشتعل خواتین نے اپارٹمنٹ کی یونین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ بچے کے قتل میں یہ لوگ ملوث ہیں۔
مزید پڑھیں : صارم کی لاش کیسے ملی؟ اہم انکشاف سامنے آگیا
واضح رہے آج صبح 11 روز قبل نارتھ کراچی سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے بچے صارم کی لاش ملی تھی، بچے کی لاش گھر کے قریب زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی، پانی کے ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچہ حادثاتی طور پر ٹینک میں گرا یا کسی نے گرایا ہے اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
بعد ازاں ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ وال مین نے فلیٹ یونین کو بتایا جب وہ موٹر چلانے گیا تو بدبو آئی، چیک کیا توپانی کے ٹینک میں سےلاش ملی۔
کنور آصف نے بتایا تھا کہ بچے کے لاپتہ ہونے کے اگلے دن 4 ٹینک کوچیک کیا گیا تھا ، چیکنگ کے وقت مذکورہ ٹینک میں پانی پورا بھرا ہوا تھا اور ٹینک میں اندھیرے کے باعث بھی کچھ نظر نہیں آرہا تھا، ٹارچ کے ساتھ کوشش کی گئی لیکن کچھ نظر نہیں آیا۔