اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور سرتاج عزیز کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں اقوام متحدہ کے سال 2015 کے بعد کے ترقیاتی اہداف کے ایجنڈے کے حوالے سے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے غور خوص کیا گیا۔
اس موقع پر منصوبہ بندی، ترقی کے وفاقی وزیر اور اصلاحات احسن اقبال، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ،ضروریات اور ترجیحات کے حوالے سے میلینئم ڈیولپمنٹ کے اہداف کے حصول کی تکمیل کیلئے مربوط نظام وضع کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ترقیاتی اہداف کے ایجنڈے کے مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کی کارکردگی ناکافی رہی ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے اجلاس میں مذکورہ ترقیاتی ایجنڈا اختیار کیا جائے گا۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم میاں ںواز شریف کریں گے، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے جانے والے ایجنڈے میں اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے 17 مقاصد اور 169 اہداف پر مشتمل پائیدار ترقی کے طول و عرض کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ایجنڈے میں غربت اور بھوک کا خاتمہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حصول، جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی اور مکمل اور پیداواری روزگار کو فروغ دینے، تعلیم، صحت، پانی اور صفائی ستھرائی کے لئے توانائی تک رسائی کو یقینی بنانے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار تحفظ کو یقینی بنانے اور اس کے قدرتی وسائل کی اہم ترجیحات شامل ہیں۔