اسلام آباد : مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین اورروس کے ساتھ زیادہ بہترتعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور امریکا سے تعلقات مزید بہترکریں گے۔
وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کسی کےخلاف نہیں ہے بلکہ یہ ترقی کا راستہ ہے جس سے باہر رہ کر بھارت نقصان اٹھا رہا ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی آئی سی جے تک رسائی بڑا معاملہ نہیں کیوں کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں جس کے باعث ہم وہاں بھی سرخرو ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرسےمتعلق پاکستان کی پالیسی واضح ہے جس کے تحت پاکستان مکمل طور پر مقبوضہ کشمیرکے ساتھ کھڑا ہے اوربرہان وانی سے متعلق پاکستان نے عالمی سطح پر بھرپوراندازمیں مہم چلائی ہے۔
مشیر خارجہ نے مذید کہا کہ کشمیرمیں جا ری ظلم وستم پربھارت کےاندرسے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی مثال نہیں ملتی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس واقعے پراُس وقت کی حکومت کامؤقف جلد سامنے آجائے گا تاہم قانون کی خلاف ورزی کسی صورت نہیں کرنی چاہیے۔
مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ قطر یا سعودیہ تنازعہ ہو یا امریکا اور روس معاملات ہوں اس سے متعلق پاکستان کی خارجہ پالیسی متوازن اور غیرجانبدار ہے جو پاکستان کے مفاد میں بہترین ہے وہ پالیسی اپنائی ہے۔