اسلام آباد: افغان پروپیگنڈے کیخلاف پاکستانی حکومت میدان میں آگئی ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز آج کابل میں افغان صدر سے دونکاتی ایجنڈے پر بات کرینگے۔
پاک افغان تعلقات اہم موڑ میں داخل ہوگیا، افغان پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے پاکستانی حکومت سرگرم ہوگئی، جس کے لئے مشیرخارجہ سرتاج عزیز آج کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغانی ہم منصب سےدو نکاتی ایجنڈے پر بات کریں گے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد سرکاری سطح پر یہ پہلی ملاقات ہو گی۔
مشیرخارجہ سرتاج عزیز افغان صدر سے ملاقات میں وزیراعظم کا اہم پیغام بھی پہنچائیں گے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کیلئے مخالفانہ بیانات کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے ۔
واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے گذشتہ ماہ پاکستان پر طالبان کو پناہ دینے کا الزام لگایا تھا، جس پر پاکستانی حکام نے وزارتِ خارجہ کی سطح پر احتجاج کیا تھا۔