اسلام آباد: مشیرخارجہ سرتاج عزیز بھارتی قومی سلامتی کے مشیر سے مذاکرات کے لئے تئیس اگست کو بھارت جائیں گے، ان کاکہنا ہے کہ دورۂ بھارت سے جامع مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔
رواں ماہ بھارت کی جانب سے اس ملاقات کے لیے 23 اور 24 اگست کے تاریخیں تجویز کی گئی تھیں، جن پر پاکستان کی طرف سے غور کیا جا رہا تھا، اس پہلے پاکستان کی جانب سے کسی بھی تاریخ کی تصدیق نہیں کی گئی تھی تاہم اب اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ دورۂ بھارت سے دوطرفہ تنازعات پر جامع مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی، دہلی میں مذاکرات ہوں گی، پاکستان مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات حل کرنے پر یقین رکھتا ہے اور مذاکرات سے ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا بھارت نے مذاکرات معطل کئے تھے پاکستان نے نہیں۔
دونوں ملکوں کے مشیر برائے قومی سلامتی کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت ہونے جا رہی ہے کہ جب حالیہ ہفتوں میں کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے علاوہ ورکنگ باؤنڈری پر بھی فائرنگ و گولہ باری کے تبادلے سے دونوں ملکوں میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے جس سے دوطرفہ کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان گزشتہ ماہ روس کے شہر اوفا میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے مشیر برائے قومی سلامتی کی درمیان ملاقات پر اتفاق کیا گیا تھا تاکہ سرحدوں پر کشیدگی اور دہشت گردی سے جڑے تمام اُمور پر بات چیت کی جائے۔