تازہ ترین

سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے پر غور

ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لانے کے لیے غور کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف حکمت عملیوں اور نظام کی تشکیل پر مشورے کیے جارہے ہیں۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سعودی عرب لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شوریٰ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ضروری قانونی ڈھانچہ تیار کیا جائے، شراکتی کمپنیوں کے ملازمین کے لیے بچت کے متبادل فارمولے پیش کیے جائیں۔

مجلس شوریٰ نے مالیاتی منڈی کی اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ حصص کے لین دین کے حوالے سے ایسا نظام تیار کرے جو ممتاز غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کشش کا باعث بنے۔

اس سلسلے میں اس بات کا اہتمام بھی کیا جائے کہ جدید مالیاتی منڈیوں تک آن لائن رسائی کا مؤثر طریقہ کار بھی مملکت میں موجود ہو۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ مالیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جن کھاتے داروں کے اے ٹی ایم کارڈ ختم ہوگئے ہوں یا ختم ہونے والے ہوں ان کی تاریخ میں توسیع کردی جائے۔

ساما نے قومی شناختی کارڈ یا اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، اسی طرح اکاؤنٹ ایکٹو نہ ہونے کی صورت میں اسے منجمد کرنے کی پابندی بھی معطل کرنے کے لیے کہا ہے۔

Comments

- Advertisement -