آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کرکٹر سعود شکیل اور اسپنر نعمان علی کی ترقی ہوگئی۔
لارڈز میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقا کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار فتح کے بعد آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کی جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
نائب کپتان سعود شکیل ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے، وہ 739 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔
محمد رضوان 16ویں اور بابر اعظم 651 پوائنٹس کے ساتھ 21ویں نمبر پر موجود ہیں، سلمان علی آغا 592 پوائنٹس کے ساتھ 31ویں اور کپتان شان مسعود 542 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
عبداللہ شفیق 51ویں، کامران غلام 81 اور صائم ایوب 88ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بیٹرز رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ سرفہرست ہیں، اس کے بعد ہیری بروک اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے شاندار انٹری دے کر ٹاپ فائیو میں جگہ بنائی ہے اب وہ 806 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
ساجد خان اور شاہین آفریدی بالترتیب 21 ویں اور 23 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ محمد عباس 29 ویں نمبر پر ہیں۔
دیگر پاکستانی گیند بازوں میں ابرار احمد 52ویں، خرم شہزاد 64ویں، عامر جمال 72ویں، میر حمزہ 93ویں، سلمان علی آغا 95ویں اور زاہد محمود 97ویں نمبر پر ہیں۔
بولرز میں بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور نمبر ون ٹیسٹ بولر ہیں، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر ہیں۔