راولپنڈی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور علاقائی سلامتی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سعودی فرمان روا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیں خطےمیں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو ’’ کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس‘‘سے نوازا گیا جو کہ سعودی عرب کا اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ ہے۔
جنرل زبیر محمود حیات نے اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ پیش کرنے پر سعودی فرماں روا کا شکریہ ادا کیا اور پاک سعودیہ تعلقات کو خطے میں قیام امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔