ریاض: سعودی عرب نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کا حج کوٹا بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، 2013ء کے بعد رواں برس 1 لاکھ 44 کےبجائے 1 لاکھ 80 ہزار پاکستانی حج کرسکیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے سال 2013ء میں حرم کی توسیع کے پیش نظر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک کا 20 فیصد حج کوٹا کم کردیا تھا تاہم اب سعودی حکومت کی جانب سے کوٹا بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کا حج کوٹا 1 لاکھ 80 ہزار افراد پر مختص تھا لیکن چند برس قبل یہ کوٹا حرم کی توسیع کے باعث کم کرکے تقریباً ایک لاکھ 44ہزار کردیا گیا تھا اور 2013 سے پاکستان سے 1 لاکھ 80 ہزار کے بجائے 1 لاکھ 44 ہزار عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے تھے۔
اب کوٹے کی بحالی کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان سے 1 لاکھ 80 ہزار عازمین حج فریضہ حج ادا کریں گے۔
وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی مرتب کرنے کا کام شروع کردیا ہے، وزارت مذہبی امور نے حج گروپ آرگنائزرز سے حج 2017 کے لیے تجاویز طلب کی تھیں نئی اور پرانی حج کمپنیوں نے حج تجاویز وزارت مذہبی امور کوجمع کرادی ہیں۔