اسلام آباد : دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے پرتشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے شیعہ اسکالر نمر النمر کی سزائے موت کے بعد سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالات کشیدہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیاہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران میں سعودی سفارت خانےپرحملہ انتہائی قابل مذمت ہے، سفارتی عملےاورمشن کی حفاظت کی ذمہ داری ریاست پرعائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسائل کاپرامن حل چاہتا ہے۔
علاوہ ازیں بھارتی پنجاب کے علاقے پٹھان کوٹ میں کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ پاکستان واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس افسوسناک واقعہ پر بھارتی حکومت،عوام اور حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے جب کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔