ریاض: سعودی وزارت صحت کی ایک کمیٹی نے عالمی جائزوں کے بعد مختلف کرونا ویکسینز کی ڈوز سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت نے بدھ کو ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 2 مختلف ویکسینز کی ڈوز لی جا سکتی ہیں، تمام ویکسینز مؤثر، فعال اور وائرس سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق بین الاقوامی جائزوں کے بعد سعودی سائنسی کمیٹی کی جانب سے اس بات کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہری دو مختلف کرونا ویکسینز کی ڈوز لے سکتے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کو اب تک ایک کروڑ 68 لاکھ 77 ہزار ڈوز دی جا چکی ہیں۔
افواہوں سے متعلق وزارت نے واضح کیا کہ ویکسین کے بارے میں افواہیں من گھڑت ہیں، ویکسین نہ لینے والے نقصان اٹھا سکتے ہیں اس لیے افواہوں پر کان نہ دھریں، نیز ویکسین لگوانے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کرونا وبا ختم نہ ہونے کے باعث متاثرین کا گراف اوپر نیچے ہو رہا ہے۔