ریاض: مکہ مکرمہ میں مقیم ایک خاندان کی 3 بیٹیاں ایک پراسرار مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہوگئیں، مذکورہ مرض میں ہڈیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مقیم ایک اردنی خاندان کی 3 بیٹیاں پراسرار مرض میں مبتلا ہو کر چل بسیں، مذکورہ مرض کی وجہ سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں اور افزائش کا سلسلہ کمزور پڑ جاتا ہے۔
اس بیماری میں ہاتھ پیر فطری شکل میں مضبوط نہیں ہوتے جبکہ سینے کی شکل بگڑ جاتی ہے۔ ہاتھ اور پیر کی ہڈیوں میں ٹوٹ پھوٹ ہونے لگتی ہے جبکہ مریض کو 24 گھنٹے آکسیجن پر رکھنا پڑتا ہے۔
مذکورہ اردنی خاندان مکہ مکرمہ کے البحیرات محلے میں مقیم ہیں، انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر حیران ہیں کہ یہ کیا مرض ہے۔
خاندان کے سربراہ تحسیر احمد کا کہنا ہے کہ میری 3 بیٹیاں اسی پراسرار مرض میں مبتلا ہو کر دنیا سے رخصت ہوگئیں جبکہ میرا 22 سالہ بیٹا عبد الرحمٰن بھی اسی مرض میں مبتلا ہوگیا ہے۔
اردنی شہری کا مزید کہنا ہے کہ اس انجانے مرض میں مبتلا ہو کر پہلے اس کی 2 بیٹیاں اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔ اب 37 سالہ بیٹی بھی عید کے روز اسی مرض سے متاثر ہو کر چل بسی۔