ریاض : رواں سال 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج نہیں کرسکیں گے تاہم عازمین کو کورونا ویکسینیشن کی خوراک مکمل کرانا لازمی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے رواں سال حج کیلئےعمر کی حد کا اعلان کردیا ، سعودی حکام نے کہا ہے کہ 65سال سے زائد عمر کے افراد حج نہیں کرسکیں گے۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو کورونا ویکسینیشن کی خوراک مکمل کرانا لازمی ہوگا، غیرملکی عازمین کوروانگی سے 72گھنٹے پہلے کی ٹیسٹ رپورٹ دینا ہوگی۔
عازمین کومناسک حج ادا کرتے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا، رواں سال دنیا بھر سے عازمین حج کی تعداد10 لاکھ تک ہوگی، یہ تعداد اسلامی ممالک کو دیےگئے کوٹے کے مطابق ہے۔
یاد رہے سعودی وزارت حج وعمرہ نے خبردار کیاتھا کہ مملکت میں مقیم سعودی شہری اور غیرملکی مشکوک ویب سائٹس پر توجہ نہ دیں، بعض ضمیر فروش ویب سائٹس کے ذریعے جعلسازی کرتے ہیں، اور عازمین حج کو مشکلات میں ڈال کر رقم وصولی کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے کورونا کے بعد پہلی بار اس سال عازمین کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے، اس سال 10 لاکھ افراد حج کا فریضہ ادا کرسکیں گے، ان میں ساڑھے 8 لاکھ عازمین بیرون ملک، جبکہ ڈیڑھ لاکھ اندرون مملکت سے ہونگے۔