سعودی عرب نے نئی ٹیکس مراعات کا اعلان کیا ہے تاہم اس سے صرف دارالحکومت ریاض میں ریجنل ہیڈ کوارٹر کھولنے والی بین الاقوامی کمپنیاں مستیفد ہو سکتی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت سرمایہ کاری نے وزارت خزانہ اور زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے تعاون سے کمپنیوں کے لیے ٹیکس مراعات کا پیکیج دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکس مراعات پیکیج کا مقصد کمپنیوں کو سعودی عرب میں ریجنل ہیڈکوارٹر قائم کرنے پر آمادہ کرنا، انہیں سہولتیں فراہم کرنا اور مملکت کو مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے پہلا آپشن بنانا ہے۔
اس پیکیج کے تحت جو بین الاقوامی کمپنیاں سعودی عرب کے دارالحکومت میں اپنا ریجنل ہیڈ کوارٹر قائم کریں گی انہیں 30 برس تک ٹیکس سے استثنی ہوگا۔ انہیں ریجنل ہیڈ کوارٹر پر انکم ٹیکس میں سہولت دی جائے گی اور کمپنیوں کو پرمٹ کے اجرا کی تاریخ سے ٹیکس سہولتوں کی فراہمی شروع کی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا کہ مملکت میں بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے ٹیکس ترغیبات سعودی عرب کو پورے علاقے میں بین الاقوامی کمپنیوں کے ہیڈ کوارٹرز کا سینٹر بنانے میں موثر ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریجنل ہیڈ کوارٹر قائم کرنے والی کمپنیوں کو اور بھی کئی رعایتیں دی جائیں گی جس میں سعوادئزیشن کے حوالے سے لچک پیدا کرنا اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز اور ماہرین کے تقرر میں تعاون کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
خالد الفالح نے کہا کہ سعودی معیشت میں استحکام منفرد تجربہ کار اور باصلاحیت افراد کی موجودگی خصوصا سٹراٹیجک محل وقوع اور ترقی کے بہترین امکانات کے باعث 200 سے زیادہ کمپنیاں اس پروگرام میں شامل ہو رہی ہیں۔
Comments