ریاض : سعودی حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ریاست بھر میں نئے قوائد و ضوابط لاگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ماسک نہ پہننے والوں کو ایک ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کرونا وائرس کا پھیلاو روکنے کےلیے نئے قوانین کا نفاذ کردیا ہے، نئے قوانین کے تحت اجتماعات میں میں پچاس افراد شرکت کرسکتے ہیں تاہم اس سے زائد افراد کے اجتماع کو خلاف قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
نئے قوانین کے تحت اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو اپنا منہ اور ناک ڈھانپنا ضروری ہے، جبکہ اداروں کو دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بھی ضروری ہے اگر کوئی ادارہ خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اسے دس ہزار ریال جرمانے کا سامنے کرنا پڑے گا اور اگر دوسری مرتبہ خلاف کرتا پایا گیا اس پر بیس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ریاست میں مقیم ہر شخص پر لازم ہے کہ وہ گھر یا دفتر سے نکلتے وقت ماسک پہنے اور دیگر افراد سے سماجی فاصلہ بنائے رکھے باصورت دیگر اسے ایک ہزار ریال جرمانہ بھرنا پڑے گا۔