ریاض: سعودی عرب میں رہنے والے کسی بھی غیر ملکی پر کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی درج ہونے کی صورت میں سرکاری معاملات انجام نہیں دیے جا سکتے۔
تفصیلات کے مطابق جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا چالان یا جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں پروفیشن کی تبدیلی کی کارروائی ممکن ہے؟
جوازات کا کہنا تھا کہ امیگریشن قانون کے مطابق مملکت میں رہنے والے کسی بھی غیر ملکی پر کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی درج ہونے کی صورت میں سرکاری معاملات انجام نہیں دیے جا سکتے۔
اقامے کی تجدید یا دیگر معاملات کے لیے لازمی ہے کہ سسٹم میں غیر ملکی کی فائل پر کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی درج نہ ہو، چالان ہونے کی صورت میں جب تک اسے ادا نہ کیا جائے، سرکاری معاملات کی انجام دہی نہیں ہو سکتی۔
واضح رہے اقامے میں پیشے کی تبدیلی ہو یا تجدید، جب تک اقامہ نمبر پر درج چالان ادا نہیں کیا جائے گا، کسی قسم کی کارروائی کی انجام دہی ممکن نہیں ہوتی۔
یاد رہے جرمانے کا اندراج سعودی شہریوں کے شناختی کارڈ جب کہ غیر ملکیوں کےاقامہ نمبر پر کیا جاتا ہے۔
کسی بھی قسم کا چالان خواہ وہ ٹریفک خلاف ورزی ہو یا احتیاطی تقاضے کے تحت مروجہ قوانین کی خلاف ورزی، جن پر جرمانے متعین کیے گئے ہوتے ہیں، ان کی ادائیگی کے بغیر یہ ممکن نہیں ہوتا کہ اقامہ کی تجدید کرائی جائے یا دیگر معاملات انجام دیے جا سکیں۔