ریاض : وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد زیادہ تسلی بخش ہے، صورتحال معمول کی جانب جارہی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز ریکارڈ پر آرہے ہیں تاہم ہر معاشرے میں ویکسین لگوانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ صورتحال زیادہ محفوظ اور پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے، ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا کہ مملکت میں کورونا کیسز کی تعداد تسلی بخش حد تک کم ہورہی ہے۔
وزارت صحت زیرعلاج مریضوں خصوصا انتہائی نگہداشت کے شعبے کے مریضوں کا خاص خیال رکھ رہی ہے، اہم بات یہ ہے کہ معاشرے میں ویکسین لگوانے والوں دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کو وزارت بلدیات و دیہی و آبادکاری امور کے ترجمان سیف السویلم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔
العبد العالی نے مزید کہا کہ جو لوگ ویکسین کی دوسری خوراک لے چکے ہوں اورانہیں تین تا چھ ماہ تک کا عرصہ گزر چکا وہ بوسٹر ڈوز لے سکتے ہیں۔ یہ سہولت 16 برس اور اس سے زیادہ عمر کے تمام افراد کے لیے ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد بھی صحت یابی کے بعد بوسٹر ڈوز لے سکتے ہیں۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ مملکت میں کورونا ویکسین کی 56 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 23.6 ملین سے زیادہ ہوچکی ہے جس کے باعث نازک کیسز کی تعداد کم ہوئی ہے۔
وزارت بلدیات کے ترجمان سیف السویلم نے کہا کہ وزارت تجارتی اداروں اور بازاروں میں وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر پر عمل درآمد کرا رہی ہے۔ متعلقہ ادارے تعاون کررہے ہیں۔ تمام سرکاری اداروں کی شراکت سے صحت اہداف حاصل ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میونسپلٹیاں اور بلدیاتی کونسلیں یکم اکتوبر سے 29 جنوری 2022 تک بازاروں اور تجارتی مراکز میں 5 لاکھ 28 ہزار 489 تفتیشی دورے کرچکی ہیں۔