منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سعودی عرب میں کرونا مریضوں کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سعودی حکومت کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث اس جان لیوا وبا پر قابو پانے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے تحت بیرون ملک سے آنے والوں پر عارضی پابندی عائد کی جا چکی ہے تاکہ کورونا پر قابو پانے کے اسباب کو مستحکم کیا جاسکے۔

وزارت صحت کی جانب سے کورونا آگاہی مہم کے تحت عربی، انگلش، اردو سمیت مختلف زبانوں میں معلوماتی ہینڈ بلز بھی شائع کر کے تقسیم کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سعودی عرب میں وزارت صحت کے اہلکار بلا کسی تفریق ہر ایک کو طبی امداد ومشورہ فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ حکومت کی جانب سے وبائی مرض کورونا کے حوالے سے وزارت صحت کی زیر نگرانی مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

مملکت کے ہوائی اڈوں پر خصوصی یونٹس متعین کیے گئے ہیں جب کہ وزارت صحت کے تمام اسپتالوں میں عالمی ادارہ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قرنطینہ قائم کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے جامع انداز میں کام کیا جارہا ہے۔ تمام انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر خصوصی ٹیمیں متعین کی گئی ہیں جو آنے والے مسافروں کا طبی معائنہ کرنے کے علاوہ ان کی ٹریول ہسٹری لینے کے بعد ہدایات جاری کرتی ہیں۔

وزارت صحت نے عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر قرنطینہ اور آئیسولیشن سینٹر قائم کیے ہیں جہاں ابتدائی طور پر مشتبہ مریضوں کو رکھا جاتا ہے جس کے بعد انہیں وزارت کی خصوصی ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے نئے کورونا وائر س کے حوالے سے ہر لمحہ باخبر رہنے کے لیے ویب سائٹ پر تازہ ترین معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ نومبر2019 میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹ پڑنے والے وبائی مرض کورونا نے اس وقت دنیا کے بیشتر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، دنیا بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے جب کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی کورونا کو وبا قرار دیا جا چکا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں