ریاض: سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے والا کامیاب ترین ملک بن گیا، مملکت میں بنیادی ڈیجیٹل ڈھانچے کو مشکل وقت کے دوران مضبوط بنایا گیا جس نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ماتحت انٹرنیشنل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے والا کامیاب ترین ملک بن چکا ہے، مملکت نے وبا سے پیدا ہونے والے اثرات سے نمٹنے میں مواصلاتی ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا۔
آرگنائزیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب نے وبا کے سر ابھارتے ہی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن سسٹم کو غیر معمولی طور پر مؤثر بنایا، اس کی بدولت صحت اور تعلیم سمیت تمام اہم اداروں کو ایک دوسرے سے مربوط کردیا گیا۔
اس دوران اہم ایپلی کیشن مفت فراہم کی گئیں، تمام اداروں نے مربوط مواصلاتی نظام کی بدولت ہنگامی مسائل سے نمٹنے میں مشترکہ ٹیم کے طور پر کام کیا۔
بین الاقوامی تنظیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے کی بدولت سعودی عرب میں انٹرنیٹ کا فی کس اوسط استعمال بین الاقوامی اوسط استعمال سے زیادہ رہا۔
رپورٹ کے مطابق اگر بنیادی ڈیجیٹل ڈھانچہ مضبوط نہ ہوتا اور مملکت میں مواصلاتی کمپنیوں کے لیے مختص ویزے کا دائرہ نہ بڑھایا گیا ہوتا تو یہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی تھی۔
سعودی مواصلاتی کمپنیوں کو سنہ 2017 میں 340 میگا ہرٹز کی سہولت تھی جسے 2020 میں 226 فیصد بڑھا کر 1110 میگا ہرٹز تک پہنچا دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب اس حوالے سے جی 20 میں شامل ممالک میں اہم پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔