ریاض: سعودی عرب کے کسٹم حکام کی جانب سے مملکت پہنچنے والے مسافروں کو کہا گیا ہے کہ 60 ہزار ریال مالیت سے زائد رقم، سونے کے زیورات، قیمتی دھات یا غیر ملکی کرنسی رکھنے والے ظاہر نہ کرنے پر جرمانہ دینے کے پابند ہوں گے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ کسٹم کی جانب سے یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مملکت آنے اور جانے والے مسافر مقررہ حد سے زیادہ نقد رقم یا قیمتی اشیا کو ظاہر کرنے کے پابند ہیں۔
محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت آنے اور جانے والے ایسے مسافر جن کے پاس 60 ہزار ریال مالیت سے زائد رقم، سونے کے زیورات، قیمتی دھات یا غیر ملکی کرنسی ہو انہیں چاہیئے کہ وہ محکمہ کسٹم کی جانب سے فراہم کردہ ڈیکلریشن فارم بھر کراس پر تصدیق کروا لیں۔
محکمہ کسٹم کی جانب سے فارم آن لائن بھی دستیاب ہے جسے وہ مملکت آمد سے قبل حاصل کر سکتے ہیں، علاوہ ازیں تمام ہوائی اڈوں اور کسٹم چیک پوسٹوں پر بھی فارم مہیا کیے گئے ہیں۔
مذکورہ رقم یا قیمتی اشیا کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع نہ کیا جانا قانون شکنی شمار ہوگی جس کے مطابق مسافر سے برآمد ہونے والی اشیا اور کرنسی نوٹوں کی مجموعی مالیت کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
محکمہ کسٹم کا مزید کہنا تھا کہ خلاف ورزی دوسری مرتبہ دہرائے جانے کی صورت میں جرمانے کا تناسب 50 فیصد کردیا جائے گا۔
تحقیقات میں اگر یہ ثابت ہوجائے کہ رقم منی لانڈرنگ میں استعمال کی گئی ہے تو ایسی صورت میں پوری رقم یا دیگر قیمتی اشیا ضبط کر کے خلاف ورزی کے مرتکب شخص کو پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔