ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا، صرف حج کیلیے آنے والے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سعودی عرب میں جی اے سی اے کی جانب سے تمام غیر ملکیوں کیلیے خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئر لائنز مسافروں کی دستاویزات اور ٹکٹ کی درست تصدیق یقینی بنائی جائے۔
ہدایت نامے کے مطابق ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے صرف کنفرم ٹکٹ اور واضح سفر کے ساتھ ہی آمد و رفت کرسکتے ہیں۔ بغیر حج ویزا یا اجازت نامہ کے مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
23اپریل سے 10جون 2025 تک صرف حج ویزا ہولڈرز کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ عمرہ، وزٹ ویزا یا سیاحتی ویزا ہولڈرز مکہ مکرمہ میں داخل یا قیام نہیں کر سکتے۔
تمام ایئر لائنزکو تنبیہ جاری کی گئی ہے کہ اس حوالے سے بورڈنگ گیٹس پر واضح ہدایات لگائیں اور اعلانات کریں، سعودی عرب کی تمام ایئرلائنز کو جی اے سی اے کی ان ہدایات پر عمل درآمد اور اس کی مکمل پابندی کرنے کا کہا گیا ہے۔
سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ نے’ایکس‘ پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ حج 2025 کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ ’نسک‘ پلیٹ فارم کے ذریعے حج کا اجازت نامہ حاصل کریں۔
قبل ازیں سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں پرمٹ کے بغیر داخلے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پابندی عائد کردی گئی ہے، جن غیرملکیوں کے اقامے مکہ مکرمہ شہر سے جاری ہوئے ہیں وہ اس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔
یاد رہے کہ مکہ پرمٹ کے لیے وزارت داخلہ نے ابشر اور مقیم پلیٹ فارم پر ’تصریح پورٹل‘ لانچ کیا ہے جس کے ذریعے پرمٹ جاری کرایا جاسکتا ہے۔
ہر سال حج سیزن کی وجہ سے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی سلامتی اور ان کی سہولت کے لیے عام افراد کے مکہ مکرمہ داخلے پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاکہ شہر میں لوگوں کا غیرضروری ازدہام نہ ہونے دیا جائے۔