ریاض: سعودی عرب میں محکمہ صحت کے نائب معاون وزیر عبداللہ العسیری نے کہا ہے کہ مملکت کروناویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نائب معاون وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب تین کروناویکسینز کی جلد فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کرچکا ہے۔
عبداللہ العسیری نے بتایا کہ معاہدوں کے تحت سعودی عرب کو اولین بنیادوں پر ویکسینز فراہم کی جائیں گی، جن کمپنیوں سے معاہدے طے ہوئے ہیں ان کی ویکسینز کے تجربات آخری مراحل میں ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی جنرل اسمبلی کے سیشن سے سعودی عرب نے ویکسین سے متعلق عالمی لائحہ عمل کی حمایت کی اور کہا ویکسین منصفانہ بنیادوں پر تقسیم ہونی چاہیے تاکہ اہداف پورے ہوسکیں۔
سعودی عرب کرونا وائرس کے اثرات کو محدود کرنے میں کامیاب رہا: وزیر صحت
سعودی عرب نے عالمی فورم پر اپنا مؤقف رکھا کہ نئی اور معیاری کرونا ویکسین متعاف ہونی چاہیئے، مشرق وسطیٰ میں صحت کے خطرات پھیلے ہوئے ہیں جن سے تحفظ بہت ضروری ہے۔
دریں اثنا سعودی عرب نے گردن توڑ بخار کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مملکت نے گزشتہ دو عشرو کے دوران گردن توڑ بخار کے پھیلاو کا دائرہ محدود کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔