ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’’نسک‘‘پورٹل کا نیا ورژن متعارف کرا دیا، جس کے تحت حج و عمرہ زائرین کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے’’نسک‘‘پورٹل کا نئے ورژن میں 100سے زائد نئی خدمات شامل کی گئی ہیں۔
سال 2024میں حج و عمرہ زائرین کی تعداد18.5ملین سے تجاوز کرگئی، مسجد نبویؐ میں13 ملین سے زائد افراد نے روضہ شریف کی زیارت کی۔
اس حوالے سے سعودی وزیر حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کا مقصد حج زائرین کو مثالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل حج آپریشنز نے خدمات کو جدید اور مؤثر بنایا ہے، حج کا سفر اب پہلے سے آسان اور اطمینان بخش ہوگیا ہے۔
سعودی وزیر نے بتایا کہ 100سال قبل حجاج کرام کی تعداد50ہزار تک تھی اور اب 20 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، 33 ممالک کا دورہ کرکے حجاج کی ضروریات کا بغور جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حج انتظامات کے لیے2024 تک جامع منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، اللہ کے مہمانوں کی کی خدمت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔
حج انتظامات کی منصوبہ بندی12ذوالحجہ سے شروع کردی جاتی ہے، ’’نسک‘‘پورٹل کے نئے ورژن کے جدید اور ڈیجیٹل نظام سے حج کے انتظامات منظم اور تیز ترین ہوگئے ہیں۔
سعودی وزیرحج نے مزید بتایا کہ حج کانفرنس و نمائش کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح جدہ میں ہوا، سعودی عرب ہر سال حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
مزید پڑھیں : عمرہ زائرین کو کون سی ویکسین لگوانا ہوگی؟ نئی ہدایات جاری
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کیلئے جامع صحت کے اصول وضوابط جاری کردیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، عمرہ زائرین کے لیے تمام ضروری ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔